بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

عالمی توانائی شعبے کا 75فیصد دو سال میں مکمل ڈیجیٹل ہونے کا امکان: کیسپرسکی رپورٹ

عالمی توانائی شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب بڑھ رہا ہے اور ماہرین کے مطابق آئندہ دو برسوں میں اس شعبے کا 75 فیصد حصہ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو سکتا ہے۔ یہ انکشاف کیسپرسکی کی ایک حالیہ رپورٹ میں کیا گیا ہے، جس میں توانائی کے شعبے کو درپیش جدید چیلنجز اور مواقع پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں صرف 5 فیصد توانائی ادارے مکمل ڈیجیٹل نظام پر منتقل ہو چکے ہیں، تاہم ڈیجیٹلائزیشن کی رفتار میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 50 فیصد سے زائد توانائی کمپنیوں کو سائبر حملوں کے نتیجے میں ایک ملین ڈالر سے زیادہ مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جو اس شعبے کے لیے ایک تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے سائبر خطرات نہ صرف پاور گرڈ کے استحکام بلکہ مجموعی آپریشنز کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ مزید برآں، تقریباً 45 فیصد ادارے سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کی کمی سے دوچار ہیں، جس کے باعث خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی توانائی کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کی طرف گامزن ہے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے مطابق ادارہ سائبر تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رہا جا سکے۔

آئیسکو کے ترجمان راجہ عاصم کا کہنا ہے کہ انرجی سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے، اور مستقبل میں مؤثر اور محفوظ توانائی فراہمی کے لیے اس عمل کو ناگزیر سمجھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button