بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد از جلد فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے یہ ہدایات آج اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ہفتہ وار کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر کسٹمز کلیئرنس، امیگریشن اور دیگر آپریشنل امور کو تیز کیا جائے تاکہ مسافروں اور تجارتی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

شہباز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چیئرمین ایف بی آر کے حالیہ دورہ کراچی اور لاہور اور تاجروں و صنعت کاروں سے ملاقاتوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جس سے ملکی تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

اجلاس میں بانڈڈ ویئر ہاؤسز سے متعلق حالیہ تحقیقات کے دوران آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے سامنے آنے والی ٹیکس بے ضابطگیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس معاملے میں بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور واجب الادا رقوم کی وصولی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس کے خسارے پر قابو پانے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر کام جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈس کلیکٹریٹ نے ملک بھر میں دریائے سندھ پر قائم پلوں پر کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ اب تک 302 کارروائیوں کے دوران ایک ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کا غیرقانونی سامان ضبط کیا جاچکا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے چار بڑے ٹیکس پیئر یونٹس میں مخصوص سیلز ٹیکس زونز قائم کیے جارہے ہیں۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ ایف بی آر کراچی صنعتی شعبے کو براہ راست سہولیات فراہم کرنے کے لیے کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں بھی اپنا دفتر قائم کررہا ہے، جہاں صنعت کاروں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button