بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان برازیل کو زرعی برآمدات بڑھانے کا خواہاں ہے، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان برازیل کو باسمتی چاول، آم، کھجور، ترش پھل، آلو، امرود، گلابی نمک اور طبی پودوں کی برآمدات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں برازیل کے سفیر رافیل گیمارائیش ریکیو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

رانا تنویر حسین نے برازیل کو تجارتی بنیادوں پر جھینگوں کی فارمنگ میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی، بالخصوص پنجاب اور سندھ میں اس شعبے میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔

انہوں نے ہیچریوں، فیڈ کی تیاری، فارمنگ، پراسیسنگ اور کولڈ چین کے بنیادی ڈھانچے پر مشتمل مربوط آبی زراعت کی ویلیو چین تیار کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

برازیلی وفد نے آگاہ کیا کہ چاول کی تجارت کے لیے ضروری ریگولیٹری تقاضے پہلے ہی مکمل کیے جاچکے ہیں، جس کے بعد مزید ضابطہ جاتی مذاکرات کے بغیر تجارتی سرگرمیاں شروع کی جاسکتی ہیں۔

دونوں ممالک نے باقی ماندہ نباتاتی و زرعی صحت سے متعلق امور حل کرنے اور منڈیوں تک رسائی تیز بنانے کے لیے اپنے متعلقہ اداروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں برازیل کی دالوں کی تجارتی مسابقت اور سویا بین کی پراسیسنگ، پولٹری اور لائیو اسٹاک فیڈ کی تیاری کے ذریعے ویلیو ایڈیشن کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مشترکہ منصوبوں اور سمندری غذائی مصنوعات کی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے پاکستان اور برازیل کے درمیان ماہی گیری اور آبی زراعت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دوطرفہ روابط کو باہمی منڈیوں تک رسائی، ضابطہ جاتی سہولت کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، تحقیقی شراکت داری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ذریعے ٹھوس منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button