بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ بنانا ضروری ہے، شزہ فاطمہ خواجہ

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ بچوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات اور ٹیکنالوجی تک رسائی سے محروم کیے بغیر ورچوئل دنیا میں ان کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز، پالیسی سازوں، سول سوسائٹی، والدین اور حکومت کو مسلسل مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے سوشل میڈیا پر مکمل پابندیوں کی تجاویز سے اتفاق نہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسی پابندیاں بچوں کو وی پی این جیسے غیر محفوظ ذرائع استعمال کرتے ہوئے غیر منظم پلیٹ فارمز کی جانب لے جا سکتی ہیں۔

انہوں نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ صارفین کی عمر کی تصدیق کے مؤثر اور قابلِ اعتماد نظام قائم کیے جا سکیں اور نوعمر صارفین کے لیے پلیٹ فارمز میں موجود حفاظتی خصوصیات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں تحفظ کو بعد میں شامل کرنے کے بجائے بنیادی ترجیح بنانا چاہیے۔

انہوں نے ڈیجیٹل دنیا کے نقصانات اور آن لائن خطرات سے متعلق عوامی آگاہی مہمات کو بڑے شہروں سے آگے بڑھاتے ہوئے ملک کے دیہی علاقوں تک پھیلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ وہاں رہنے والے لاکھوں صارفین بھی اس حوالے سے آگاہی حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button