بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

آزاد کشمیر باغ کا ضمنی انتخاب پاکستان پیپلزپارٹی نے جیت لیا، مسلم لیگ ن دوسرے، پی ٹی آئی تیسرے نمبر پر رہی

غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق سابق وزیراعظم تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست باغ آزادکشمیر کے ضمنی انتخاب میں  پیپلزپارٹی کامیاب ہوگئی۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر 25 ہزار 755 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مشتاق احمد منہاس 20 ہزار 485 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

صحافت چھوڑ کر سیاست دان بننے والے مشتاق منہاس جو 2016 میں آزاد جموں و کشمیر میں اپنے پہلے الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے اپنی شکست تسلیم کر لی اور غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد ضیا قمر کو گلے لگاکر مبارکباد دی۔

اپنی جیت پر ضیا القمر کا کہنا تھا کہ یہ جیت ایک عاجز سیاسی کارکن پر لوگوں کے اعتماد کی عکاس ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر ضیا قمر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی پی پی پر اعتماد کرنے کے لیے باغ، آزاد کشمیر کا شکریہ، ملتان اور کراچی کے بعد باغ کے ضمنی انتخاب نے ہماری جیت کا سلسلہ مزید مستحکم کر دیا ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار محمد ضمیر خان نے 4ہزار 942 ووٹ لیے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق حلقہ ایل اے 15، باغ 2 کے ضمنی انتخاب میں 52 ہزار 671 ووٹ ڈالے گئے۔

الیکشن کمیشن نے حلقے میں 189 پولنگ اسٹیشن بنائے تھے جن میں سے 30 کو حساس اور 20 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیے  آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کی کارروائی کالعدم قرار دیدی،نئے قائد ایوان کا عمل روکنے کا حکم

تقریباً 2500 پولیس اہلکار اور 350 پیرا ملٹری دستے اس حلقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیے گئے تھے۔

Back to top button