بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

بھارتی تسلط کی وجہ سے کشمیری خواتین مسلسل عدم تحفظ کا شکار ہیں، عبدالصمد انقلابی

اسلامی تنظیم آزادی چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ غیر قانونی بھارتی تسلط کیوجہ سے کشمیری خواتین مسلسل عدم تحفظ ، خوف و دہشت اور اذیت کا شکار ہیں۔

اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے ترجمان کے مطابق تنظیم کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے آج ” خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن“ پر سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری خواتین بھارتی درندگی کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہیں ، جدوجہد آزادی میں ان کا ایک اہم کردار ہے اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنے لخت جگر قربان کررہی ہیں۔

عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیری خواتین کی آبروریزی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے، بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں اب تک ہزاروں عفت ماب خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا ہے ، دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی ، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین سمیت کئی خواتین بھارتی جیلوں میں بند ہیں، بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیریوں کے خلاف مہلک پیلٹ بندوں کا استعمال کرتے ہوئے لڑکوں سمیت کئی کمسن بچیوں کو بھی بصارت سے محروم کردیا ہے۔

تنظیم کے چیئرمین عبدالصمدانقلابی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو توڑ نے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے لیکن کشمیری اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اوروہ شہداءکے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کانوٹس لے اور مسئلہ جموں کشمیر کے حل کے لیے بھارت پردباؤ ڈالے۔

Back to top button