بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

صوبہ پنجاب، نویں جماعت کے ملتوی شدہ امتحانات، نئی تواریخ کا اعلان

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا کے کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈز فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی اور لاہور کے کنٹرولرز امتحانات اور پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین سے مشاورت کے بعدصوبہ بھرمیں ناگہانی صورتحال کے باعث کلاس نہم کے پہلے سالانہ امتحانات (سیکنڈری سکول فرسٹ اینول ایگزامز میٹرک پارٹ 1) 2023ء کے ملتوی ہونیوالے بدھ10مئی کے ترجم القرآن جمعرات11 مئی کے کیمسٹری و جنرل سائنس اور جمعہ12 مئی کے اسلامیات لازمی کے پیپرزکے انعقاد کی نئی تواریخ کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں نئی ڈیٹ شیٹ بھی جاری کردی گئی ہے۔

جس کے مطابق اب نئے نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت سرگودہا سمیت صوبہ بھر میں ترجم القرآن کا پرچہ17مئی بروزبدھ‘ کیمسٹری و جنرل سائنس کا18مئی بروزجمعرات اوراسلامیات لازمی کا پیپر19مئی بروزجمعہ کو ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں تمام جملہ متعلقین، سربراہان ادارہ جات، اساتذہ کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے ادارہ کے طلبا و طالبات کی نئی رول نمبر سلپیں ڈاون لوڈ کرکے امتحان دینے والے کلاس نہم کے متعلقہ امیدواروں کو فراہم کردیں تاکہ کوئی امیدوار امتحان دینے سے رہ نہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ امیدواران اپنی ریوائز رول نمبر سلپیں بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی ریگولر امیدوار کو نئی رول نمبر سلپ فراہم نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ادارہ کا سربراہ ذمہ دار ہوگااور بعدازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ پرچہ جات میں کسی بھی وجہ سے غیر حاضر رہنے کی صورت میں تمام تر ذمہ داری متعلقہ امیدوار پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے بورڈ کی میٹرک امتحانی برانچ سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

Back to top button