بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایک ہی دن میں جنرل الیکشن ہی مسائل کا حل ہے ،مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزارت دفاع اور خزانہ کی جانب سے ایک ہی دن میں الیکشن کرانے اور معاشی صورتحال کے مدنظر معاملات قوم کے سامنے ہیں جسکی پاسداری کی جائے گی،ایک ہی دن میں جنرل الیکشن ہی مسائل کا حل ہے ، یہودی لابی اب اپنے پروردہ شخص کو بچانے کے لیئے میدان عمل میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شورکوٹ میں اپنی رہائشگاہ پر جے یو آئی کے رہنما و سابق امیدوار سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کفیل احمد نظامی ، ان کے والد معروف کاروباری شخصیت حاجی نظام الدین اور چشمہ گھی ملز کے مالک شکیل احمد نظامی سے ملاقات کے دوران کیا،ملاقات میں کفیل احمد نظامی نے مرحوم وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی وفات پر مولانا فضل الرحمان سے اظہار تعزیت کی اور انکی مغفرت کے لیئے فاتحہ خوانی کی ،مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ آئینی طورپرتمام اداروں کے اختیارات تقسیم ہیں، عدلیہ، انتظامیہ کا اپنا دائرہ کار ہے آپ کیوں مداخلت کر رہے ہیں؟ الیکشن کمیشن کے اختیارات آپ نے سلب کرد ئیے اور پورا الیکشن شیڈول دے دیا۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کے اختیارات پرقبضہ کیا گیا ہے، آئینی طور پر اختیار تقسیم ہیں پھر کیوں مداخلت کی جارہی ہے، ہر شعبے میں مداخلت ہوگی تو حکومت اور ادارے کیسے کام کرینگے ، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ قانون منظور کررہی ہے، ابھی ایکٹ بنا نہیں اس پر عدالتی بینچ بنادیاگیا، جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

Back to top button