بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عالمی بینک پاکستان کی طویل المدتی ترقی کے لئے پرعزم ہے: مارٹن رائزر

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائزرسے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے پاکستان اور ورلڈ بنک مابین تعاون کو فروغ دینا تھا۔مسعود خان نے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے جنیوا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران ورلڈ بنک کی جانب سے دو ارب ڈالر کے تعاون پر بینک کا شکریہ ادا کیا۔ یہ معاونت رہائش گاہوں، پانی، زراعت، سماجی تحفظ، صحت اور دیگر شعبوں کے لئے برے کار لائی جائے گی۔

پاکستان کے سفیر نے کہا کہ عالمی بینک ہمیشہ پاکستان کے حوالے سے پرعزم ترقیاتی شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے ورلڈ بنک سے صحت سے متعلقہ منصوبوں خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون کی درخواست کی۔مسعود خان ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے موافقت پیدا کرنے، ان کی شدت میں تخفیف لانے اور ان تبدیلیوں کے ضمن میں مدافعت پیدا کرنے کے حوالے سے بینک کے تعاون کی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سیلاب متاثرین میں فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے جامع ،شفاف اور موثر طریقہ کار کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے انٹرنیشنل پارٹنرز سپورٹ پروگرام کے قیام کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

مسعود خان نے پاکستان میں جاری مختلف منصوبہ جات کے لیے تقریبا 1.2 ارب ڈالرز کی امدادی رقوم جاری کرنے پر بھی عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فنڈز کی بلا تعطل فراہمی سماجی شعبے سے متعلقہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی ۔نائب صدر عالمی بنک مارٹن رائزرنے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کی طویل المدتی ترقی اور خصوصا قابل تجدید توانائی بالخصوص ہائیڈرو اور سولر پاور کی طرف منتقلی کے حوالے سے شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔ عالمی بینک اور حکومت پاکستان کے متعلقہ محکموں کے درمیان موجودہ تعاون کو سراہتے ہوئے مارٹن رائزرنے کہا کہ آنے والے وقت میں یہ تعاون مزید موثر اور بہتر ہوگا ۔

Back to top button