بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

فن لینڈ اورپاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت اور سماجی تعاون کے فروغ کے لیے کانفرنس کا اہتمام

  فن لینڈ پاکستان بزنس کونسل (ایف پی بی سی) کے زیر اہتمام فن لینڈ پاکستان بزنس سمٹ 2023ء کے دسویں ایڈیشن کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا۔ اس سمٹ میں بنیادی طور پر توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ ترقی کے لئے شراکت داری اور تکنیکی مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دیا جاسکے۔
سمٹ کا افتتاح پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر جناب ، ہنو ریپٹی نے کیا ،جبکہ پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ‘پاکستان میں توانائی کے منظرنامے کا مستقبل’ کے عنوان سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ فن لینڈ کی 20 سے زائد کمپنیوں، جن میں اکثریت توانائی اور تعلیم کے شعبوں سے تعلق رکھتی ہے، نے سمٹ میں شرکت کی، جس میں پاکستان کے ممتاز کاروباری اداروں کے مالکان، کاروباری نمائندوں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز نے بھی شرکت کی۔
سمٹ بنیادی طور پر ایک نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ہے جس نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے خدمات انجام دی ہیں ۔ کونسل کی کاوشوں کی بدولت کاروباری مواقع تلاش کرنے، مہارتوں کا تبادلہ کرنے اور پاکستانی کاروباری اداروں کو فن لینڈ کے ذریعے یورپی یونین اور نارڈک خطے میں وسیع مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔
سمٹ میں مقررین اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو قابل تجدید توانائی پر انحصار بڑھانے اور سماجی و اقتصادی کامیابی کے لیے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور صنفی مساوات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے فن لینڈ کے ماڈل کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کو اپنے توانائی اور دیگر اہم کاروباری شعبوں کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے ریگولیٹری نظام کو از سر نو ترتیب دے کر سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجیز اور تکنیکی مہارت کی مستقل منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر جناب ہنو ریپٹی نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان کاروباری تعاون کے فروغ پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اس تعاون سے فائدہ اٹھا سکتا ہے کیونکہ فن لینڈ یورپی یونین کی مارکیٹ کا گیٹ وے ہے اور پاکستانی کاروباری اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی میں مدد کے لئے بے پناہ تکنیکی مہارت رکھتا ہے۔
فن لینڈ پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین اور فن لینڈ میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل ولےایرولا نے سمٹ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فن لینڈ اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں جو ترقی و خوشحالی کے مشترکہ عزائم سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ اس سال ہم اسلام آباد اور کراچی میں سمٹ کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ فن لینڈ اور پاکستان کی کاروباری برادری کو اکٹھا کیا جاسکے تاکہ وہ مل کر باہمی تعاون کے مواقع تلاش کر سکیں۔
فن لینڈ کے وفد نے پاکستان کے اپنے سفر پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے پکوانوں، شاندار ثقافت اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔ اگلا سمٹ اسی ہفتے کراچی میں منعقد ہوگا۔

Back to top button