بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

قبائلی علاقوں کے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے میں حکومت تعاون کرے۔ فاد وحید

کاروبار کو بہتر فرو غ دے کر قبائلی علاقوں میں خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔ سید جواد حسین کاظمی

قبائلی علاقے کوئلہ، تانبا، ماربل، لوہا، جپسم اور تیل و گیس سمیت بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، لہٰذا حکومت ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے بزنس کمیونٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے علاقے میں کاروباری سرگرمیاں بہتر فروغ پائیں گی اور معیشت ترقی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے چیمبر کے دورے کے موقع پر خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید جواد حسین کاظمی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

فاد وحید نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں کانوں اور معدنیات، زراعت، ٹرانسپورٹ، تجارت، سروسز اور لائٹ انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔ تاہم، ہنر مند افرادی قوت عدم دستیابی، کم پیداوار، پرانے کان کنی اور کاشت کاری کے طریقے اور سٹوریج کی سہولیات کا فقدان ایسے عوامل ہیں جو ان علاقوں کو معاشی ترقی کی راہ میں اہم رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ان مسائل کو حل کرنے پر توجہ دے تاکہ ان علاقوں کی معیشت کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی قبائلی علاقوں کی بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل حل کرانے میں خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید جواد حسین کاظمی نے علاقے کی تاجر برادری کے اہم مسائل سے فاد وحید کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالت، پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت کی کمی اور جدید ٹیکنالوجی کی کمی ضم شدہ قبائلی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی علاقوں کی ایس ایم ایز کان کنی کے آلات، لائٹ انجینئرنگ، زرعی آلات، آٹوموبائل انڈسٹری کے اسپیئر پارٹس اور ہائیڈرو پاور کے آلات سمیت دیگر شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت قبائلی علاقوں کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل جلد حل کرے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دے کر مقامی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے جس سے ان علاقوں میں خوشحالی آئے گی۔
دونوں اداروں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور تاجر برادری کے مسائل کے حل اور دونوں خطوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

Back to top button