بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

پنجاب بھر میں 272ہسپتال کینٹینوں کی چیکنگ، ناقص انتظامات پر 48کو جرمانہ، 211کووارننگ نوٹس جاری

لاہور زون میں 125،راولپنڈی 86،ملتان اورمظفر گڑھ زون میں 61 ہسپتال کینٹینوں کو چیک کیا گیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں قائم کینٹینوں کی چیکنگ مہم مکمل۔۔ ناقص انتظامات پر 48کو جرمانہ جبکہ211کووارننگ نوٹس جاری کر دیے گئے۔ 189 لیٹر ناقص ڈرنکس،65 لیٹر غیر معیاری دودھ اور 16 کلو فوڈ پروڈکٹس بھی تلف کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر پنجاب بھر میں 272ہسپتال کینٹینوں کی چیکنگ کی گئی۔ ناقص انتظامات پر 48کو جرمانہ،211کووارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔

مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ لاہور زون میں 125،راولپنڈی 86،ملتان اورمظفر گڑھ زون میں 61 ہسپتال کینٹینوں کو چیک کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کے دوران 189 لیٹر ناقص ڈرنکس،65 لیٹر غیر معیاری دودھ اور 16 کلو فوڈ پروڈکٹس تلف کر دیے گئے۔ملاوٹی دودھ کے استعمال اور ناقص ڈرنکس کی موجودگی پرکارروائیاں کی گئیں۔

مزید برآں ہسپتال کینٹینوں میں استعمال شدہ آئل اور فنگس زدہ پکوڑیاں بھی موجود پائی گئیں۔ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور ملازمین کے میڈیکلز بھی عدم موجود پائے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے کینٹینز کی چیکنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جاتا ہے۔ علاج کی خاطر ہسپتالوں میں آنے والوں کو مضر صحت اشیاء خورونوش کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ ناقص اشیاء خورونوش کا استعمال متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مشن محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنا کر غذائی بیماریوں کا خاتمہ اور عوام الناس تک محفوظ خوراک پہنچانا ہے۔

Back to top button