بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسلام آباد میں نان کی قیمت میں یکدم 10 روپے کا بڑا اضافہ

ملک میں جاری مہنگائی کی غیر معمولی لہر کے دوران دارالحکومت اسلام آباد میں نان کی قیمت میں یکدم 10 روپے کا بڑا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد تندور مالکان صارفین سے 25 سے 30 روپے فی نان وصول کر رہے ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق تندور مالکان نے خبردار کیا ہے کہ مارکیٹ میں آٹے کی قیمت میں حالیہ اضافے کے باعث آئندہ 2 سے 3 روز میں روٹی کی قیمتوں میں مزید 5 روپے تک کا اضافہ ہوگا، اس کا مطلب بظاہر یہی ہے کہ نان اگلے ہفتے سے 35 روپے میں دستیاب ہوگا۔

گزشتہ 2 برس کے دوران نان کی قیمت میں 130 فیصد سے زائد اضافہ ہوا جبکہ اپریل میں پی ٹی آئی حکومت کے برطرف ہونے اور پی ڈی ایم کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اس کی قیمت میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

کچھ نان بائیوں نے بتایا کہ ’نان کی نئی قیمت 30 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ روٹی اسلام آباد میں 25 روپے میں فروخت ہو رہی ہے‘۔اس وقت ایک نان کا وزن 120 گرام سے 125 گرام ہے، اسے فائن یا آٹے سے تیار کیا جاتا ہے جس سے بھوسے کو الگ کردیا جاتا ہے۔

انصاف نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آباد کی جانب سے تقریباً تمام تندوروں پر آویزاں قیمتوں کی فہرست کے مطابق نان 30 روپے، سادہ روٹی 25 روپے، قلچہ 35 روپے، روغنی نان 60 روپے، اسپیشل روغنی نان 70 روپے، پراٹھا 60 روپے، اسپیشل پراٹھا 70 روپے اور افغانی نان 50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

Back to top button