بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

غلام محمود ڈوگر بطور سی سی پی او لاہور بحال

فیڈرل سروس ٹریبونل (ایف ایس ٹی) اسلام آباد نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام محمود ڈوگر کو لاہور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) کے عہدے پر برقرار رہنے کی اجازت دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایف ایس ٹی نے سی سی پی او لاہور کے تبادلے سے متعلق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں اپنے تبادلے اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے معطلی کے احکامات کے خلاف اپنی درخواست مسترد اور ناقابل سماعت قرار دیے جانے کے بعد غلام محمود ڈوگر نے فیڈرل سروس ٹریبونل کے سامنے اپیل دائر کی تھی۔

غلام محمود ڈوگر نے اپنے تبادلے اور معطلی کے بارے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفیکیشن میں قانونی اور انتظامی خامیوں کی نشاندہی کی تھی، انہوں نے فیڈرل سروس ٹریبونل سے درخواست کی تھی کہ وہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سول سروس کے قوانین کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

غلام محمود ڈوگر کے وکیل نے دلیل دی کہ ٹرانسفر آرڈر کے خلاف ان کے مؤکل کی اپیل متعلقہ اتھارٹی کے پاس زیر التوا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اس اپیل پر فیصلے تک ان کے خلاف کوئی اور محکمانہ کارروائی کرنے سے نہیں کر سکتا۔

خیال رہے کہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے 2 سینیئر رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونے کے فوراً بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے غلام محمود ڈوگر کی خدمات واپس لے لی تھیں۔

Back to top button