بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

جوہرآباد میں ہزاروں کتب پر قائم لائبریری میں عظیم الشان نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) خوشاب رائٹرز کلب کے زیر اہتمام معروف شاعر ،مصنف ، محقق ،ادیب، دانشور اور ممتاز ماہر تعلیم راجہ غلام اصغر طاہر کی رہائش گاہ بمقام جوہرآباد میں ہزاروں کتب پر قائم لائبریری میں عظیم الشان نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت پاکستان کے ادبی حلقوں کی جان، شعراءکرم کے سرمایہء افتخار ،شاعر بے مثل جناب ڈاکٹر بدر منیر الدین نے کی جبکہ ممتاز ہردلعزیز علمی و ادبی شخصیت محمد حسین ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

اس پر وقار مشاعرے میں شعراءکرام نے سیدنا حضرت محمد مصطفی ا، احمد مجتبیٰ، فخرموجودات، باعث تخلیق کائنات، صاحب لولاک صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ ان شعراءکرام میں جناب ڈاکٹر بدر منیر الدین ،محمد حسین ملک_ راجہ غلام اصغر طاہر، سید رمیض نقوی، عدیل عباس عادل، اعجاز کمال رانا، وحید احمد قادری ،حسیب الحسن، دانیال عزیز ،کاشف واصفی اور مزمل ادریس کے اسمائے گرامی شامل ہیں ۔ تقریب کے آخر میں میزبان شاعر و صدر خوشاب رائیٹرزکلب راجہ غلام اصغر طاہر نے جملہ شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے خوبصورت انعقادپر اہل محفل اور شعراء نے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ ایسے مشاعروں کے انعقاد سے دلوں میں محبت اور عشق مصطفی ا صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شمع فروزاں کرنے میں جہاں مدد ملتی ہے وہاں ایسی عظیم الشان پروقار محافل نئے شعراء کرام کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں ۔

Back to top button