بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، وفاقی حکومت کا فوج طلب کرنے فیصلہ

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دی تو دارالحکومت میں فوج تعینات کی جائے گی۔

 رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی جانب لانگ مارچ کے تمام انتظامات اور تیاریاں آخری مراحل میں ہونے کے دعوے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

وفاقی حکومت کا یہ فیصلہ گزشتہ روز وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے مارچ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی۔

سرکاری ذرائع نے نجی ٹی وی چینل  بتایا کہ ریڈ زون میں مظاہرین کے داخلے کو روکنے کے لیے پاک فوج کو تعینات کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی لانگ مارچ کے دوران تمام اہم عمارتوں اور ریڈ زون میں واقع ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے کی جائے گی۔

فوجی دستوں کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کیا جائے گا، آرٹیکل 245 میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق بیرونی جارحیت یا جنگ کے خطرے کے خلاف پاکستان کا دفاع کرے گی اور جب اسے کہا جائے تو وہ شہری انتظامیہ کی مدد کے لیے قانون کے مطابق عمل کرے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے حال ہی میں ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مرتبہ ان کا لانگ مارچ حکومت کو ’سرپرائز‘ دے گا، حکومت کو ان کے پلان اور حکمت عملی کا کچھ علم نہیں ہے۔

Back to top button