بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

چارلس سوم کے بادشاہ بننے کا باضابطہ طور پر شاہی اعلان جاری

ملکہ برطانیہ کے انتقال کے بعد ان کے بڑے صاحبزادے 73 سالہ شاہ چارلس سوم کے بادشاہ بننے کا باضابطہ طور پر شاہی اعلان جاری کردیا گیا جب کہ انہوں نے حلف اٹھانے کے بعد قوم سے پہلا خطاب بھی کیا۔ملکہ برطانیہ 96 برس کی عمر میں 8 ستمبر کو انتقال کر گئی تھیں، انہوں نے بیٹے کی عمر سے زیادہ وقت تک بادشاہت کی، انہیں طویل عرصے تک تخت پر رہنے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔ان کے انتقال کے بعد اگرچہ شاہ چارلس سوم از خود بادشاہ بن گئے تھے مگر اب ان کے تخت پر براجمان ہونے کا باضابطہ طور پر شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔ شاہ چارلس سوم کے بادشاہ بننے کا باضابطہ اعلان کرنے کے لیے شاہی کونسل کا اجلاس 10 ستمبر کی صبح کو ہوا، جس میں برطانیہ کی وزیر اعظم لز ٹیرس سمیت سابق برطانوی وزرائے اعظم، اعلٰی حکومتی عہیدیدار اور نامور سیاستدان و سماجی رہنما بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں 200 کے قریب شخصیات شریک ہوئیں اور انہوں نے شاہ چارلس کو بادشاہ منتخب کرنے کے علامتی فیصلے کیے اور بعد ازاں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کا شاہی فرمان جاری کیا گیا، جس میں شاہ چارلس کے بادشاہ بننے کا اعلان کردیا گیا۔شاہی اعلان کے بعد شاہ چارلس سوم نے بادشاہ بننے کے حلف نامے پر دستخط بھی کیے اور بعد ازاں انہوں نے چرچ آف اسکاٹ لینڈ سمیت قوم کی حفاظت کا قسم بھی اٹھایا اور اپنی پوری زندگی دولت مشترکہ، چرچ آف اسکاٹ لینڈ اور قوم کی خدمت میں وقف کرنے کا عزم طاہر کیا۔

ان کے باضابطہ بادشاہ بننے کے بعد برطانیہ کے قومی ترانے کو بھی ٹیلی وژن سمیت عام مقامات پر بھی دوبارہ پڑھا گیا، جس میں ’خدا بادشاہ کو سلامت رکھے‘ کے الفاظ شامل کیے گئے، اس سے پہلے ترانے میں ’خدا ملکہ کو سلامت رکھے‘ کے الفاظ شامل تھے۔بادشاہ بننے کے بعد شاہ چارلس نے خطاب میں اپنے بڑے صاحبزادے شہزادہ ولیم کے جانشین مقرر ہونے کا اعلان بھی کیا، یعنی اب برطانیہ کے اگلے بادشاہ شہزادہ ولیم ہوں گے۔بادشاہ بننے کے بعد شاہ چارلس سوم نے دولت مشترکہ اور قوم سے خطاب بھی کیا، جس میں انہوں نے ملکہ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرنے سمیت انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔شاہ چارلس سوم نے خطاب میں والدہ کی زندگی اور ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ نے اپنی پوری زندگی اور خوشیاں عوام کے لیے وقف کیں۔

انہوں نے خطاب میں والدہ کے نقش قدم پر چلنے اور اپنی باقی زندگی عوام کی خوشیوں اور خوشنودی کے لیے گزارنے کا عزم بھی کیا۔شاہ چارلس سوم کے بادشاہ بننے کے بعد برطانیہ سمیت کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی ’خدا بادشاہ کو سلامت رکھے‘ کا ترانہ گایا گیا جب کہ انہیں توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔

Back to top button