بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی ساتویں برسی۔ ریاست کی تمام جماعتوں کے مرکزی قائدین کا مجاہد اول کی خدمات کو خراج عقیدت

غازی آباد میں سیاسی قائدین اور کارکنان کی مجاہد اول کی قبر پر حاضری، دعائیہ تقریب میں شر کت

مجاہد اول کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، سردار تنویر الیاس خان

مسئلہ کشمیر پر پوری ریاستی قیادت کو ساتھ لیکر آگے بڑھیں گے اور بیس کیمپ کو حقیقی آزادی کا قلعہ بنائیں گے

سابق صدر ریاست و وزیر اعظم مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی ساتویں برسی۔ ریاست کی تمام جماعتوں کے مرکزی قائدین مجاہد اول کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے غازی آباد پہنچ گئے۔ سیاسی قائدین اور کارکنان نے مجاہد اول کی قبر پر حاضری دی اور دعائیہ تقریب میں شریک ہوئے، دعائیہ تقریب کے بعد نعت خوانی کی گئی اور بعد ازاں سیاسی قائدین نے برسی میں موجود شرکا ء سے خطاب کیا۔

برسی کی تقریب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان ،سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان ،سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی، اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر ،وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی ، ممبر اسمبلی امتیاز نسیم ،سابق وزیر حکومت راجہ محمد یسین خان،صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال،مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما ثاقب مجید، حریت رہنما سید یوسف نسیم، میجر لطیف خلیق سمیت دیگر نے شرکت کی۔

برسی کی تقریب کی میزبانی سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کی اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض بھی سابق وزیر اعظم نے خود انجام دیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم آج مجاہد اول کی برسی میں شریک ہیں ،مجاہد اول کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، ہماری نسلوں تک مجاہد اول کی تعلیمات اور خدمات قابل ذکر رہیں گی۔ سردار صغیر چغتائی مرحوم کی وجہ سے ہم مسلم کانفرنس کو ہمیشہ سپورٹ کرتے رہے اور مجاہد اول کی تربیت سردار صغیر چغتائی میں واضح نظر آتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تیرھویں ترمیم کو ختم کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے ،متعلقہ فورمز پر اپنا موقف دے چکا ہوں۔ گلگت بلتستان کے حوالے سے اپنا واضح موقف رکھا اور متعلقہ فورمز کو بتایا کہ کشمیر کے معاملے میں کسی صورت اپنے اوپر داغ برداشت نہیں کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ محمد فاروق حیدرخان کی حکومت نے تیرھویں ترمیم لا کر ریاست کو مالیاتی طور پر خود مختار بنایا جو اچھا اقدام تھا۔انہوں نے کہا کہ کونسل کے ملازمین سال میں لاکھوں کی تنخواہ ابھی بھی لے رہے ہیں مگر کام کوئی نہیں کر رہے ،ہم نے تہیہ کر رکھا ہے جو آزاد کشمیر ملازمین کے لیے رولز ہیں انہیں بھی انکے تحت لا کر کام کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے اس پار بھائیوں بہنوں کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کیطرح کھڑے ہیں ،ہم کشمیر بنے گا پاکستان کے حامی ہیں اور اس پر اپنا واضح موقف رکھتے ہیں ۔پاکستان نے پوری دنیا میں مسلم مظلوموں کی مدد کی اور انکے ساتھ کھڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری ریاستی قیادت کو ساتھ لیکر آگے بڑھیں گے اور بیس کیمپ کو حقیقی آزادی کا قلعہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری آر پار اس نظریے کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں سٹیٹ سبجیکٹ ختم کر کے ہندوستان نے تحریک کو مزید مضبوط کیا ہے ،اب ہر کشمیری ہندوستان کے خلاف دگنی طاقت کیساتھ کھڑا ہے، کشمیر کے حوالے سے مجھ سمیت کوئی کشمیری آزادی سے کم پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیر کے اندر ہندوؤں کو ڈومیسائل جاری کر رہا ہے تاکہ استصواب رائے میں اکثریت ہندوستان کیساتھ ہو مگر دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہندوستان کیا کر رہا ہے، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو انکے حق آزادی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ اس موقع پر انہوں نے مجاہد اول کے مزار کی تعمیر کا اعلان بھی کیااور یوم نیلہ بٹ کے موقع پر ہر سال سرکاری چھٹی کا بھی اعلان کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میرا دعوی ہے کہ مجاہد اول کیساتھ مجھ سے زیادہ قربت کسی کی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی قیادت نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے مگر سیاست اصولوں پہ کی آج تو سیاست ازم پر آ گئی ہے مگر اسوقت سیاست میرٹ اور کردار پہ ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس کی وفات کے بعد ہماری سیاسی کشتی کو پار لگانے والے مجاہد اول تھے، جو اپنے کارکنوں کے دل کی بات سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کیساتھ سیاسی زندگی کا سفر شروع کیا تھا زندگی میں کبھی ایسا مقام نہیں آیا کہ مجاہد اول سے بیزاری ہوئی ہو انکی عزت و تکریم دل سے کرتا تھا اور آج بھی کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ تیرھویں ترمیم کا فیصلہ خانہ کعبہ میں کیا تھا ،اس کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو آخری حد تک جائیں گے موجودہ حکومت کو بھی کہتا ہوں ترمیم کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، پاکستان کیساتھ ہمارا رشتہ ایسا ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کے خلاف بات کرنے والوں کو کہتا ہوں کہ پاکستان کے خلاف بات کرنا مودی کے ہاتھ مضبوط کرنے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اگر کسی نے کوئی سمجھوتہ کیا تو اسکا پیچھا قبر تک کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا نقشہ ہم دیں گے۔

سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، انکے کردار انکے افکار کو تاریخ کبھی ہذف نہیں کر سکتی مجاہد اول کی تربیت کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ایک دوسرے کے سیاسی مخالفین مزار پہ ایک ساتھ بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اول روحانیت کی دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتے تھے انکی زندگی درویشوں کی زندگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں مجاہد اول نے جو کردار ادا کیا اسی کا صلہ ہے کہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں مجاہد اول ہمارے لیے سیاسی تربیت کی یونیورسٹی تھے۔ مجاہد اول کی برسی کے موقع پر کہوں گا کہ مشکل فیصلے کرنے ہونگے ریاست کا تشخص برقرار رکھنا ہو گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی نے کہا کہ سیاسی زندگی میں جو بھی کام کر رہے ہیں وہ مجاہد اول صوبت کا اثر ہے مجاہد اول کی زندگی روحانیت پر مشتمل تھی سیاسی زندگی کو بھی خدمت خلق سمجھ کر گزارہ۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کے سیاسی شاگرد پائیدار سیاسی کارکن ہیں جو ریاست کی خدمت اور تحریک آزادی کشمیر کا اہم جزو بن کر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر راجہ فاروق حیدر خان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے تیرھویں ترمیم کی اور ریاست کو با اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں سو خامیاں ہو سکتی ہیں مگر مسئلہ کشمیر پر ہماری حکومت کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کے ادھورے مشن تکمیل پاکستان کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مجاہد اول کے دیئے ہوئے مشورے اور نصیتوں پر عمل کر کے ہم نے سیاست میں اپنا نام پیدا کیا ہے۔ مجاہد اول کی موت کے بعد ہماری غفلت کے باعث مسلم کانفرنس کمزور ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے سابق وزیر راجہ محمد یسین خان نے کہا کہ جو بھی سیکھا مجاہد اول سے سیکھا ،آج ہم جو بھی ہیں آج مجاہد اول کی تربیت کیوجہ سے ہیں۔ مسلم کانفرنس کو اگر بحال رکھنا ہے تو مجاہد اول کے جارحانہ طرز سیاست کو اپنانا ہو گا۔مجاہد اول کی سوچ کو اور نظریات کو کوئی خرید نہیں سکتا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال نے کہا کہ بچپن سے مجاہد اول کیساتھ تعلق رہا ہم نے پوری زندگی ایک ساتھ سیاست کی مجاہد اول کی سیاسی زندگی آج کی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے ہمیشہ غریبوں کے درد کو محسوس کرتے ہوے انکے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کی رواداری کی سیاست سے نا صرف ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں کے کارکن متاثر ہیں بلکہ پاکستان اور دنیا بھر میں انکی سیاسی بصیرت کو مانتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر مجاہد اول کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

Back to top button