بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

یوکرین سے اب تک کتنے افراد نقل مکانی کرچکے؟

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے حملے کے بعد یوکرین سے اب تک 10 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین پر بمباری کا سلسلہ آٹھویں روز بھی جاری ہے، دارالحکومت کیف اور دیگر شہروں میں بدھ کی رات اور جمعرات کی صبح دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں تاہم زخمیوں یا ہلاکتوں سے متعلق کسی قسم کی اطلاعات نہیں مل سکی ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے بمباری کے باعث اب تک 10 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں اور بڑی تعداد میں ملٹری اور سویلین املاک کو نقصان ہو چکا ہے جبکہ گھر بار چھوڑ کر ہجرت کرنے والے افراد کی بڑی تعداد نے پولینڈ کا رخ کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ کیف کی جانب گامزن روسی فوج کی سیکڑوں بکتر بند گاڑیوں کی نقل و حرکت رک گئی ہے اور ہمارے اندازوں کے مطابق گزشتہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران روسی افواج نے کوئی بہت اچھی پیشقدمی نہیں کی ہے۔

جان کربی کا کہنا تھا کہ روسی افواج کی پیشقدمی رکنے کی وجوہات میں لاجسٹک کی مستقل بنیادوں پر فراہمی اور یوکرینی افواج کی جانب سے مزاحمت ہیں۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا نے یوکرین حکام کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ روس نے بحرہ اسود کے کنارے واقع یوکرین کے بڑے شہر خیرسون پر قبضہ کر لیا ہے اور 3 لاکھ کے قریب آبادی والے اس شہر میں روسی فوجیوں کا گشت جاری ہے۔

یوکرینی صدر ولودو میر زیلینسکی نے لڑائی میں اب تک 6 ہزار روسی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے جبکہ روس نے 498 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔

Back to top button