
پاک فضائیہ کا طیارہ معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ
پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ آج معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ طہٰ عباسی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے ایئرہیڈکوارٹرز کی جانب سے تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج کے تمام افسران و جوانوں نے قیمتی جانوں کے اس المناک نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے حادثے میں شہید ہونے والے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طہٰ عباسی کو خراج عقیدت پیش کیا۔














