بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف جمعرات کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک مارچ کیا جائے گا۔ سردار عبدالقیوم نیازی

وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ، قابض بھارتی فوج کی طرف سے انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں ، نوجوانوں کے قتل عام ، حریت قائدین کی جبری گرفتاریوں اور مقبوضہ کشمیر کے طویل محاصرے کے خلاف جمعرات کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک مارچ کیا جائے گا۔

اس مارچ کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کرانا ہے، بھارت کے خلاف مارچ میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی اور مذہبی قیادت سمیت تمام مکاتب فکرکے افراد شرکت کریں گے۔

آزادکشمیر اور مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان اس احتجاجی مظاہرہ میں بھرپور شرکت کریں اور اس مارچ کو کامیاب بنائیں۔ یہ مارچ پوری قوم کا مارچ ہے اس کی کامیابی ہم سب پر فرض ہے۔

عوام الناس نیشنل پریس کلب میں جمع ہوں جہاں سے ڈی چوک تک مارچ کیا جائے گا اور ڈی چوک میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے کشمیر ی قیادت خطاب کرے گی۔

وزیرا عظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت بھارت سے آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہے۔ ہر کشمیری بھارت سے آزادی چاہتا ہے۔ بھارت جبر و تشدد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا اور نہ ہی وہ تحریک آزادی کشمیر کو دبانے میں کبھی کامیاب ہو سکتا ہے تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاندار اقداامات اٹھائے جائیں گے۔ ساری کشمیری قیادت کو اعتماد میں لے کر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید پڑھیے  اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کا واضح موقف ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان

وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے راولپنڈی ، اسلام آباد، مری ، واہ کینٹ ، گجر خان اور کہوٹہ سمیت دیگر علاقوں میں آباد کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ  مشترکہ مارچ میں بھرپور شرکت کریں تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔

وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بھارت حریت قیادت کا پابند سلاسل کر کے یہ سمجھتا تھا کہ وہ کشمیریوں کی آواز دبا دیے گا لیکن ہم کشمیریوں کی آواز دبنے نہیں دیں گے۔ بیس کیمپ سے ساری کشمیر ی قیادت متحدو منظم ہو کر کشمیریوں کی آزادی کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سختی سے نوٹس لے اوربھارت کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کے ارتکاب پر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلائے۔

Back to top button