بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کوشکست دے دی

پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعداسلام آباد یونائیٹڈ کو 10 رنز سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم ٹورنامنٹ میں پانچ فتوحات کی بدولت دس پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے مقررہ بیس اوورز میں 207 رنز درکار تھے تاہم اعظم خان کی 45 گیندوں پر 85 اور رحمٰن اللہ گرباز کی 19 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دھار اننگز کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز ہی بناسکی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر رحمٰن اللہ گرباز نے 19 گیندوں پر242 رنز کے اسٹرائیک ریٹ سے پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز عمدہ اننگز کھیل کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے مبصر خان کے ہمراہ 54 رنز کی شراکت قائم کی۔

ان کے پویلین واپس لوٹنے پر اعظم خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کی کمان سنبھالی اور میدان کے چاروں اطراف چھکوں چوکوں کی برسات کردی تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اعظم خان نے 45 گیندوں پر 188 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے سات چھکوں چھ چوکوں کی بدولت 85 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے آخری اوور میں 22 رنز درکار تھے تاہم موسیٰ خان اور مرچنٹ ڈی لانگے میچ کی آخری چھ گیندوں پر صرف گیارہ رنز ہی اسکور کرسکے۔

پشاور زلمی کے سلمان ارشاد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 29 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلن کی راہ دکھائی۔کپتان وہاب ریاض نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد حارث کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے تھے۔ نوجوان اوپنر محمد حارث نے 32 گیندوں پر 70 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تھی۔ ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔

تجربہ کار آلراؤنڈر شعیب ملک 38 اور یاسر خان 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔ فہیم اشرف نے تین جبکہ وقاص مقصود نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Back to top button