بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کالج میں شراب پی کر طلبہ اساتذہ کو ہراساں کرنے والے ملزمان جیل بھیج دیئے گئے

اسلام آباد کے ایف الیون تھری کالج میں شراب پی کر کالج میں طلبہ اور اساتذہ کو ہراساں کرنے کے معاملے پر عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد میں شراب پی کر ایف الیون تھری کالج میں داخل ہونے کا معاملہ زیر سماعت آیا۔ 

ملزمان فائز جاوید، فیضان مرزا، حارث امتیاز اور فصل خان کو ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر کی عدالت میں پیش کیاگیا۔

عدالت سے بخشی خانے لےجاتے وقت ویڈیو بنانے پر ملزمان اور اس کے ساتھیوں نے صحافیوں کے ساتھ ہاتھا پائی کی کوشش کی۔

عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف الیون تھری میں ماڈل کالج فاربوائز میں نشے میں دھت چارافراد نےہلڑبازی کی تھی۔

چاروں ملزمان گاڑی میں کالج کے گیٹ کے سامنے آئے، گارڈ سے گالم گلوچ کرکے زبردستی کالج میں داخل ہوئے، کالج اسٹاف اورطلبہ کومارنا پیٹنا شروع کردیا۔

ملزمان نے خواتین اساتذہ کو بھی ہراساں کیا۔ بعدازاں پولیس نے مقدمہ درج کرکے چاروں ملزمان کو گرفتار کیا۔

Back to top button