بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان کے ہاتھوں شکست ریٹائرمنٹ کی وجہ بنی، اصغر افغان

افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان نے گزشتہ روز کھیلے جانے والے اپنے کیرئیر کے آخری انٹرنیشل میچ کے بعد انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا کیونکہ پاکستان سے ہارنے پر بہت زیادہ تکلیف ہوئی۔گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں نمیبیا کو شکست دینے کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اصغر افغان انٹرویو دیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔اپنی آنکھوں سے آنسو پونچھتے ہوئے اصغر افغان نے سب کے ذہنوں میں موجود اس سوال کا جواب دیا کہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وسط میں ریٹائرمنٹ کا انتخاب کیوں کیا؟

اصغر افغان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف شکست سے مجھ سمیت پوری ٹیم کو بہت زیادہ تکلیف ہوئی اور اسی وجہ سے میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی ریٹائرمنٹ کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ افغانستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا کیونکہ کرکٹ سے میری بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔واضح رہے کہ اتوار کو ابوظبی میں نمیبیا کے خلاف اپنے آخری انٹر نیشنل میچ میں اصغر افغان نے 23 گیندوں پر31 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔اصغر افغان نے 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 1382رنز بنائے جبکہ 114ون ڈے میچز میں 2 ہزار 424 رنز بنائے۔

Back to top button