بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،افغانستان کی ٹیم آج نمیبیا سے ٹکرائے گی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج پہلا میچ افغانستان اور نمیبیا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا، دونوں ٹیموں میں اگر تجزیہ کیا جائے تو بہرحال افغانستان کا پلہ بھاری دکھائی دیتا ہے تاہم حتمی فیصلہ میدان میں ہی ہونا ہے، افغانستان کی ٹیم کو جمعہ کی رات پاکستان کے ہاتھوں ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست ہوئی تھی تاہم اس میچ کے دوران افغانستان کی ٹیم نے خود کو بائولنگ، بیٹنگ دونوں شعبوں میں خطرناک ٹیم کے طور پر منوایا ہے اور یہ بات نمیبیا کیلئے بہرحال پریشانی کا باعث بن سکتی ہے جس نے پہلے ہی میچ میں سکاٹ لینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا

نمیبیا کی ٹیم کوالیفائنگ رائونڈر مرحلہ عبور کرکے سپر 12 مرحلے تک پہنچی ہے، نمیبیا کی بیٹنگ لائن کا تجزیہ کیا جائے تو اس کا تمام تر انحصار کپتان اراسموس کی کارکردگی پر ہے جبکہ آل رائونڈر ڈیوڈ ویزے جو پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کھیلتے تھے مڈل آرڈر میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں نمیبیا کے اوپنرز زان گرین اور گریگ ولیمز نے اب تک کھیلے گئے میچوں میں اچھا آغاز کیا تاہم دونوں ہی اب تک کوئی بڑا سکور کرنے میں ناکام ہیں نمیبیا کی ٹیم کو اگر افغانستان کیخلاف جیت حاصل کرنی ہے تو اس کیلئے اس کی بیٹنگ لائن کو آج بہت زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا


اسی طرح اگر نمیبیا کی بائولنگ لائن کو دیکھا جائے تو اس میں ٹرمپلمین فاسٹ بائولنگ کے شعبہ میں خطرناک دکھائی دیتے ہیں جبکہ ان کے ساتھ جے جے سمیت اور جان فرائیلنکس بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں نمیبیا کے پاس بینارڈ اور پیکی یا فرانس جیسے اچھے سپنرز بھی موجود ہیں، اب اگر بات کی جائے افغانستان کی ٹیم کی تو آج کامیابی کیلئے اس کی امیدوں کا محور راشد خان، مجیب الرحمان جیسے بائولر ہی ہیں جو کسی بھی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں جبکہ فاسٹ بائولر نوین الحق بھی اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں فاسٹ بائولنگ شعبہ میں افغانستان کیلئے پریشانی کا باعث کریم جنت ہیں جن کی ناقص بائولنگ کی وجہ سے افغانستان کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Back to top button