بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی آئی اے کی مزید کوئی پرواز آج کابل نہیں جائے گی

طالبان کے قبضے کے بعد غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کی بڑی تعداد ملک سے باہر جانا چاہتی ہے

افغانستان میں پھنسے غیرملکیوں کو پاکستان لانے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی مزید کوئی پرواز آج کابل نہیں جائے گی۔ 

ترجمان پی آئی اے عبداللّٰہ اے خان کے مطابق پی آئی اے کی بدھ کی شام کابل جانے والی پرواز آج صبح مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی ہے۔

پی آئی اے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ آج مزید کوئی پرواز کابل بھیجنے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے، آئندہ جونہی صورتحال واضح ہوگی پی آئی اے اپنی اگلی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔

واضح رہے کہ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کی بڑی تعداد ملک سے باہر جانا چاہتی ہے، کئی ممالک کی جانب سے ان کے کابل میں پھنسے شہریوں کو افغانستان سے پاکستان لانے کے لیے پی آئی اے سے درخواست کی گئی تھی۔ 

اس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی انتظامیہ نے خصوصی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پہلے مرحلے میں پی آئی اے کے دو طیارے کابل پہنچے تھے جو کابل ایئرپورٹ پر افرا تفری اور ہنگامہ آرائی کے باعث بمشکل وطن واپس پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ 

پی آئی اے انتظامیہ نے روزانہ کی بنیاد پر 3 بوئنگ 777 طیارے کابل بھیجنے کا اعلان کیا تھا مگر اس کے بعد حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل کی انتظامیہ کی جانب سے افغانستان کی فضائی حدود بند کر دی گئی تھی اور کابل ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کی لینڈنگ بھی روک دی گئی تھی۔ 

بدھ کی دوپہر انتظامیہ کی جانب سے کابل ایئرپورٹ کو کمرشل پروازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا گیا تو پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے فوری طور پر کابل پہنچ گئی تھی جو سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر رات کو ٹیک آف نہ کرسکی اور آج صبح اسلام آباد پہنچی ہے۔

Back to top button