بسم اللہ الرحمن الرحیم

تعلیم

احسن اقبال کا انٹرمیڈیٹ امتحانات موخر کرنے کیلئے توجہ دلائو نوٹس پیش

طلبہ کا مطالبہ جائز ہے حکومت امتحانات کو انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے امتحانات کو 45 دن کے لیے مؤخر کرکے کورس مکمل کرایا جائے، احسن اقبال


مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے ملک میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کو مؤخر کرنے کے لیے قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پیش کردیا۔

بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ طلبہ کا مطالبہ جائز ہے حکومت امتحانات کو انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے امتحانات کو 45 دن کے لیے مؤخر کرکے کورس مکمل کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ کے بورڈ کے طلبہ کی شکایات ملیں ہیں جس میں طلبہ کے کورس مکمل نہیں کرائے گئےاورحکومت انہیں امتحانات دینے پرمجبورکررہی ہے جبکہ کئی اطلاعات یہ بھی موصول ہوئی ہیں کہ بچے خود کشی کی کوشش کرتے ہیں، ان بچوں کو ذہنی مریض نہ بنایا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اسمارٹ آن لائن کورسز بھی مکمل نہیں کرائے گئے امتحان مخصوص طبقے سے تو نہیں لیے جاتے بلکہ سب کو یکساں موقع ملنا چاہیے تاہم پسماندہ علاقوں کے طلبہ اس سہولت سے محروم رہے ہیں کیونکہ بجلی آ نہیں رہی، گرمی بھی بہت ہے اور انٹرنیٹ کی سہولت ہر جگہ میسر نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکراسمبلی نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ حکومت کل تک اس معاملے پر کوئی فیصلہ دے جس پر ہمیں امید ہے کہ حکومت لاکھوں طلبہ کی آواز بالکل سنے گی۔

اس معاملے پر پارلیمانی سیکریٹری برائے تعلیم وجیہ اکرام کا اسمبلی میں ردعمل دیتے ہوئےکہنا تھا کہ مارچ کے شیڈولڈ امتحانات اب بھی نہ لیں تو کیا کریں، جس پر خواجہ سعد رفیق نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال نے کبھی حکومت سے کوئی درخواست نہیں کی، آج کر رہے ہیں کہ امتحانات چند دن مؤخر کردیں تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی

Back to top button