بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

تحریک انصاف میں شامل تھا اور شامل رہوں گا،جہانگیر ترین

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے وزیراعظم عمران خان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے۔بینکنگ کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مجھ پر انہوں نے ایک دو نہیں 3 ایف آئی آر درج کروائی ہیں، ایک سال سے میرے خلاف شوگر کمیشن میں انکوائری چل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا انہیں سب شوگر ملز میں صرف جہانگیر ترین نظر آیا ہے، میرے اور بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ایک سال سے میں چپ بیٹھا ہوں، میری وفاداری کا امتحان لیاجا رہا ہے، یہ کیا ہو رہا ہے، میں تو دوست تھا دشمنی کی جانب کیوں دھکیل رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئیں، 10 سال پی ٹی آئی کے لیے خون پسینہ ایک کیا ہے، تحریک انصاف میں شامل تھا اور شامل رہوں گا۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ظلم بڑھتا جا رہا ہے، جو بھی انتقامی کارروائی کر رہا ہے وقت آ گیا ہے اسے بے نقاب کیا جائے، عمران خان انتقامی کارروائی کرنے والوں کو بے نقاب کریں۔

Back to top button