بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

کورونا کیسز بڑھنے لگے، راولپنڈی،سیالکوٹ، گوجرانوالہ کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن

کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر راولپنڈی کے 4، گوجرانوالہ کے 3 اور سیالکوٹ کے مزید 4 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔ راولپنڈی میں گلی نمبر 13 چکلا لہ سکیم 3، ڈیفنس روڈ لین نمبر 3، سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک ڈی، سید پور روڈ پنڈورا میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

گوجرانوالہ میں واپڈا ٹاؤن، ڈی سی کالونی اور راہ والی کینٹ کو بڑھتے کیسز کے پیش نظر بند کیا گیا ہے۔

سیالکوٹ کینٹ میں عسکری کالونی 1، عسکری کالونی 2، گوہد پور جامعہ مسجد طوبیٰ سٹریٹ اور میگ ٹاؤن میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ، دفاتر (نجی اور سرکاری) بند رہیں گے۔

علاقہ مکینوں کی نقل وحمل محدود ہو گی، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔ ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسی، میڈیکل سٹور، لیبارٹریاں، کولیکشن پوائنٹس، ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

ملک شاپس، چکن، گوشت، مچھلی کی شاپس اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پیڑول پمپس 9 بجے سے شام 7 بجے کھل سکیں گی۔

سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں آمدورفت کو محدود کرنا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن سے ہی زیادہ لوگوں کو متاثر ہونے کے خطرے سے بچایا جا سکتا ہے۔ پہلے سے زیادہ احتیاط کرکے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

Back to top button