بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

کراچی مثبت کورونا کیسز میں اضافہ،ہسپتالوں پر دبائو بڑھ گیا

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا مریضوں کی تعدادجون2021 کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پر ہے

کراچی میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور شہر میں مثبت کیسوں کی شرح 23اعشاریہ 6فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہر میں 3 ہزار 91 افراد کے ٹیسٹ کیےگئے جن میں سے 725 کیسز مثبت رہے، شہر میں مثبت کیسزکی شرح 23اعشاریہ 6 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

 کیسز میں اضافےکے باعث اسپتالوں پر شدید دباؤ ہے، محکمہ صحت سندھ کے مطابق کورونا مریضوں کی تعدادجون2021 کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پر ہے۔

کراچی کے4 بڑے اسپتال کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں، اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 سو سے زائد ہو گئی ہے،کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کا سبب بھارتی قسم ڈیلٹا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں مجموعی طورپرکوروناکے مثبت آنے کی شرح 9.16 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ 21 افراد انتقال کرگئے۔

حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 8.89 فیصد ریکارڈ کی گئی، 360 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 32 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

صوبے کے دیگر اضلاع میں کورونا کی شرح 2.49 فیصد رہی، سندھ کے دیگر اضلاع میں 6 ہزار 478 ٹیسٹ میں سے 161 افراد میں کوروناکی تصدیق ہوئی۔ 

Back to top button