بسم اللہ الرحمن الرحیم

کورونا وائرس

ملک بھر میں کورونا سے مزید 88اموات، کل تعداد 1483ہو گئی، مصدقہ کیسز 69496ہو گئے

اسلام آباد (صباح نیوز)

پاکستان میں کورونا وائرس سے  گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 88 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 483 تک جاپہنچی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے  522 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ 3039 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 496 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے  اتوار کے روز ملک میں کورونا وائرس کے حوالہ سے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ہزار 39 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 496 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 88 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 1 ہزار 483 تک جا پہنچی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا سے ہلاکتیں ہوئی ہیں جہاں مہلک وبا سے 475 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ صوبے میں اب تک کورونا کے 25 ہزار 56 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے465 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ 27 ہزار360 افراد کورونا سے متاثرہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا سے اب تک 453 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد 9540 ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 4 ہزار 193 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں46 اموات ہوئی ہیں۔

کورونا سے اسلام آباد میں 27، گلگت بلتستان میں 11 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں 2418 جبکہ گلگت بلتستان میں 678 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیرمیں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 251 ہوگئی جبکہ 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کمانڈ سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اب تک 25 ہزار 271 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 14 ہزار 972 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 47 ہزار30 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Back to top button