بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ڈاکٹرز اور حکومت ایک پیج پر ہونگے تو کورونا وائرس کی وباء سے بچنے میں مدد ملے گی، خرم نواز گنڈاپور

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور حکومت ایک پیج پر ہونگے تو کورونا وائرس کی وباء سے لڑنے اور اس سے بچنے میں مدد ملے گی۔ حکومت، ڈاکٹرز اور طبی عملی کو حفاظتی کٹس فراہم کرنے کیلئے مطلوبہ وسائل مہیا کرے۔ افواج پاکستان کی طرف سے کرونا ڈیوٹی الاؤنس نہ لینے کا اعلان قابل تحسین ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ریاست پاکستان کا ہر شہری اور ادارہ جذبہ ایثار کا مظاہرہ کرے۔ حکومت مزدور خاندانوں کیلئے خصوصی فنڈ قائم کرے۔ کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جس پر تشویش ہے۔

وہ گزشتہ روز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، ویمن لیگ، عوامی لائرز فورم، عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے آن لائن میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں 10کروڑ روپے سے زائد کا راشن تقسیم کیا گیا، راشن کی رقم اپنی مدد آپ کے تحت کارکنان نے جمع کی۔ راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، محبت،اخوت کا درس دیتا ہے، اسلامیان پاکستان رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کے ساتھ اپنی خوشیاں اور دستر خوان شیئر کریں۔ اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لیے اس سے بہتر کوئی اور موقع نہیں ہو سکتا۔

خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسلامیان پاکستان جس حد تک ممکن ہو سکے احتیاط کریں، جب تک وباء کا زور ہے گھروں میں عبادات کو ترجیح دیں، سماجی فاصلوں سے ہی کرونا وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔ دکاندار، چھابڑی فروش جائز منافع تک محدود رہیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ بیروزگار مزدوروں کے پاس خریدنے کے لیے وسائل نہیں ہیں۔ جائز منافع کمانے والوں کی روزی میں اللہ تعالیٰ برکت ڈالے گا۔

Leave a Reply

Back to top button