
تجارت
پاکستان، تاجکستان کا تجارتی راستوں کی جدیدکاری پر اتفاق
پاکستان اور تاجکستان نے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے تجارتی راستوں کو جدید بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان اور تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف تویر کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
ملاقات میں دونوں جانب سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے ایک اہم تجویز پیش کی گئی جس کے تحت پاکستان سے تاجکستان تک گلگت کے راستے براہِ راست زمینی راہداری قائم کرنے پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ تاجک سفیر نے یہ بھی تجویز دی کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے خصوصی رعایتی محصولات متعارف کرانے پر غور کرے تاکہ باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔















