
اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی نمایاں پیش رفت، عالمی درجہ بندی میں 17 درجے بہتری: شزہ فاطمہ
پاکستان نے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس (EGDI) میں نمایاں پیش رفت حاصل کر لی۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں 17 درجے بہتری آئی ہے، جبکہ 2024 کے مقابلے میں ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس کے مجموعی اسکور میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے شعبے میں پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ اسی شعبے میں بہتری کی شرح بھی سب سے زیادہ رہی۔
شزہ فاطمہ کے مطابق اقوام متحدہ نے ڈیجیٹل اصلاحات کی جانب اہم پیش رفت کے طور پر ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 کو خصوصی طور پر سراہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے ڈیجی اسکلز، سیمی کنڈکٹر ڈیزائن اور مصنوعی ذہانت (AI) کی تربیت سمیت مختلف اقدامات پر توجہ دے رہی ہے۔














