بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں ‘وزیراعظم آفس سسٹم’ کے تحت وزارتِ قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کاشتکاری کی لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کیلئے جدید زرعی مشینری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی اور کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے ‘وزیراعظم آفس سسٹم’ کے تحت دئیے گئے اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نے ‘وزیراعظم آفس سسٹم’ کو مزید بہتر اور کارگر بنانے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور روابط بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے جدید طریقوں کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کی غرض سے زرعی تحقیق کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن سرپرستی اور مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر سے کسانوں کی رجسٹریشن کیلئے "میرا کسان” ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی ہے، جس کے سیکریٹریٹ نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

اجلاس کو زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات اور ‘پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل’ کی تنظیم نو کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے نقصانات سے بچانے کیلئے زرعی انشورنس کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button