
تمباکو کی خریداری کے نظام میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف، غیر رسمی تجارت کا متوازی نظام قائم ہے، آئی پی او آر
انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) کی ایک تحقیق میں پاکستان میں تمباکو کی خریداری کے نظام میں اہم بے ضابطگیوں اور غیر رسمی خریداری کے متوازی نظام کا انکشاف ہوا ہے۔ تحقیق کے مطابق تمباکو کی غیر رسمی اور غیر دستاویزی خریداری کا یہ نظام مجوزہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی افادیت کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 45 فیصد تمباکو کاشت کاروں کے پاس کاشت سے قبل خریداری کے تحریری معاہدے موجود نہیں تھے، جبکہ 52 فیصد کاشت کاروں نے بغیر کسی تحریری معاہدے کے اپنا تمباکو فروخت کیا۔ اس کے علاوہ 52 فیصد کاشت کاروں کو غیر رسمی خریداری کے دوران نقد ادائیگیاں کی گئیں۔

آئی پی او آر کی تحقیق کے مطابق 85 فیصد تمباکو کاشت کاروں کو سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخ سے کم قیمت پر تمباکو فروخت کرنے کی پیشکش کی گئی، جس سے خریداری کے موجودہ نظام میں شفافیت اور نگرانی کے فقدان کی نشاندہی ہوتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی کمپنیوں کو تمباکو فروخت کرنے والے کاشت کاروں کو نسبتاً زیادہ قیمت حاصل ہوئی۔ اس حوالے سے 62 فیصد کاشت کاروں نے کثیرالقومی کمپنیوں کے خریداری کوٹے میں اضافے کو اہم قرار دیا۔

آئی پی او آر نے تمباکو کی خریداری کے نظام میں شفافیت اور مؤثر نگرانی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خریداری کے کوٹے اور کاشت کاروں کے ساتھ کیے جانے والے معاہدوں کی مؤثر نگرانی ناگزیر ہے۔

تحقیق کے مطابق تمباکو کی غیر دستاویزی خریداری سے غیر قانونی تجارت کے خدشات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے حکومتی نگرانی اور مجوزہ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے مقاصد متاثر ہونے کا امکان ہے۔
آئی پی او آر نے مطالبہ کیا ہے کہ تمباکو کی خریداری سے متعلق موجودہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خریداری کے پورے عمل کو دستاویزی، شفاف اور قابلِ نگرانی بنایا جائے تاکہ کاشت کاروں کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی تجارت کی روک تھام ممکن ہو سکے۔















