
علاقائی تعاون اور رابطوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور اقتصادی انضمام کے لیے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان سے مشترکہ ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور تنظیم کے مقاصد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اسلام آباد اعلامیے اور اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026ء تا 2035ء کی منظوری کو تنظیم کے استحکام اور مشترکہ علاقائی ترجیحات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم نے ای سی او کی 2026-2027ء کے لیے پاکستان کی صدارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’علاقائیت کا احیا، مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے‘‘ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو ایسے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے جن کے ثمرات خطے کے عوام تک پہنچ سکیں۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط، توانائی، انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اقتصادی انضمام کی رفتار تیز کرنے کے لیے ای سی او کے موجودہ معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
پاکستان کے تزویراتی جغرافیائی محل وقوع کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سڑکوں، ریلوے اور مختلف ذرائع نقل و حمل پر مشتمل راہداریوں کے ذریعے علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ اس سلسلے میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں کے ساتھ رابطوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ خصوصاً خشکی میں گھرے ای سی او رکن ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو سکے۔
وزیراعظم نے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے ای سی او کے رکن ممالک کو لاہور کو 2027ء کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیے جانے کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کی دعوت بھی دی۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور ای سی او سیکرٹریٹ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان 2027ء میں وزرائے کونسل کے آئندہ اجلاس اور ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے وفود کا دوبارہ خیرمقدم کرے گا۔















