
پاکستان اور جرمنی کے درمیان ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات اسلام آباد میں اختتام پذیر
پاکستان اور جرمنی کے درمیان ترقیاتی تعاون سے متعلق مکالمہ 2026-27 جمعرات کو اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی اور تکنیکی تعاون کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں بالخصوص دو ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز رہی۔
ان میں موسمیاتی تبدیلی اور توانائی، سماجی تحفظ کے لیے موافق حکمت عملیوں کے ساتھ پائیدار معاشی ترقی اور ہنرمندی کا فروغ شامل ہیں۔
جرمن وفد کی جانب سے ایشیا اور لاطینی امریکا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کرسٹوف راؤ نے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کے قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے اور اڑان پاکستان اقدام کے لیے جرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی کی حمایت کو بھی اجاگر کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری محمد حمیر کریم نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے جرمن حکومت کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی بنیاد بننے والی مشترکہ اقدار کو قابلِ قدر قرار دیا۔
مذاکرات کے اختتام پر دونوں فریقین نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت کا اعتراف کیا اور کہا کہ جرمن ترقیاتی تعاون کے ٹھوس ثمرات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔















