بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت 27 ارب روپے کا ریلیف فراہم کر چکے ہیں، عطاء اللہ تارڑ

وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جمعے کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہونا تھا، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر اس اضافی بوجھ کو آئل ریفائنریز پر ڈال دیا گیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا عوام پر بوجھ کم سے کم رکھنا وزیرِ اعظم شہباز شریف کا وژن ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام کے تحت ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد اپنا اندراج کرا چکے ہیں، جبکہ اب تک 27 ارب روپے مالیت کا ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں یہ اسکیم عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آئل ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں حکومت کی مدد کے لیے اضافی بوجھ برداشت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مقامی ریفائنریز سے درخواست کی تھی کہ پیٹرول کی قیمت میں متوقع 15 روپے فی لیٹر اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے خود برداشت کریں۔

وزیرِ پیٹرولیم نے مزید کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button