
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سڑکوں کے پانچ منصوبوں کا آغاز کردیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سڑکوں کے پانچ منصوبوں کا آغاز کردیا ہے۔
ان منصوبوں میں مریدکے نارووال، شکرگڑھ نارووال، فیصل آباد رنگ روڈ، فیصل آباد ساہیانوالہ اور فیصل آباد سمندری راجانہ روڈ شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے مجموعی طور پر 22 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔
منصوبوں کے تحت ان سڑکوں پر الیکٹرانک ٹول پلازے قائم کیے جائیں گے، جبکہ نجی ٹھیکیدار نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نظام کے ذریعے ٹول وصول کریں گے اور سات سال تک سڑکوں کی دیکھ بھال بھی کریں گے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مزید چار سڑکیں بھی نجی ٹھیکیداروں کے حوالے کی جائیں گی۔ ان میں بہاولپور یزمان، یزمان احمدپور شرقیہ، رائیونڈ چھانگا مانگا اور گجومتہ قصور شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی صحت، صفائی، سیاحت، ویسٹ ٹو انرجی، ٹرانسپورٹ اور تعلیم کے شعبوں میں بھی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں لاہور میں ٹائم ٹریول پارک، فیصل آباد میں جدید ٹرک ٹرمینل اور 29 جامعات میں ہاسٹلز شامل ہیں۔














