بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

صدر اور وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں صدر اور وزیراعظم نے سکیورٹی اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا، جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ویژن عزمِ استحکام کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی اور مقامی سہولت کاروں کے ساتھ کام کرنے والے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button