
احسن اقبال کی بیجنگ میں چینی حکام سے ملاقات، سی پیک اور اہم ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بیجنگ میں چین کے قومی ترقی و اصلاحاتی کمیشن (این ڈی آر سی) کے وائس چیئرمین ژو ہائی بِنگ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے شاہراہ قراقرم کے 102 کلومیٹر طویل تھور نالہ تا رائیکوٹ سیکشن کے لیے مالی معاونت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔
احسن اقبال نے کراچی تا روہڑی سیکشن سے آگے ریلوے لائن ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن میں چین کی شمولیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اس منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مالی معاونت حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
گوادر کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بندرگاہ پر باقاعدہ بحری جہازوں کی آمدورفت اور شپنگ سروسز بحال کرنے کے لیے چین سے تعاون طلب کیا، جبکہ بندرگاہ پر تیل کے اسٹریٹجک ذخائر قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ تحقیق کی تجویز بھی پیش کی۔
مذاکرات میں گوادر فری زون، ایسٹ بے ایکسپریس وے کے دوسرے مرحلے اور چاغی کے معدنیاتی علاقوں کو گوادر سے ملانے کے لیے مجوزہ راہداری پر بھی بات چیت ہوئی، جس کا مقصد معدنیات کی پراسیسنگ اور برآمدات کو فروغ دینا ہے۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے تحت احسن اقبال نے کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مشترکہ طور پر اس امکان کا جائزہ لینے کی تجویز بھی دی کہ بعض منتخب پاور پلانٹس کو درآمدی کوئلے کے بجائے مقامی تھر کے کوئلے پر منتقل کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
پاکستان نے سی پیک کے صنعتی ترقیاتی ایجنڈے میں نجی شعبے کے تین نئے منصوبے شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی، جن میں پورٹ قاسم پر ایلومینیم کمپلیکس کا قیام۔تھر میں کھاد بنانے کا کارخانہ۔دھابیجی میں آئل ریفائنری اور ایندھن ذخیرہ کرنے کے کمپلیکس کا قیام شامل ہیں
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔















