
پاکستان کسٹمز کا محفوظ اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تجارتی سہولت کے فروغ کا اعادہ
پاکستان کسٹمز نے خطے میں کسٹمز تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور محفوظ، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تجارتی سہولت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ عزم ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقدہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) اور ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن (WCO) کے مشترکہ پیسنجر اینڈ کارگو کنٹرول پروگرام کے 11ویں پالیسی سطح کے اجلاس میں شریک پاکستانی وفد نے ظاہر کیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت ممبر کسٹمز سید شکیل شاہ نے کی۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خطے بھر سے سینئر کسٹمز حکام نے شرکت کی، جہاں محفوظ، ہموار اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تجارتی نظام کے فروغ کے لیے علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے موقع پر پاکستانی وفد نے ازبکستان کی کسٹمز کمیٹی کے پہلے ڈپٹی چیئرمین سے بھی دوطرفہ ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ، سرحدی انتظام کے مؤثر ہم آہنگ نظام، بہترین تجربات کے تبادلے اور جدید کسٹمز ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے ذریعے دوطرفہ کسٹمز تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔















