
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ میں سرمایہ کاری کی دعوت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امریکی کاروباری شخصیات کو پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور سرمایہ کاری کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
لاہور میں امریکی کاروباری وفد سے ملاقات کے دوران مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے امریکہ کے ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تکنیکی تعاون کا خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کا ہدف پندرہ لاکھ جدید ٹیکنالوجی کے ماہر گریجویٹس تیار کرنا ہے، جن میں چالیس فیصد خواتین شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ بارہ سو اسٹارٹ اپس کی معاونت اور بتیس ہزار انٹرنز کو مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں بیس اسپیشل اکنامک زونز اور دو ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز قائم ہیں، جہاں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن سسٹم اور کاروباری منظوریوں کو آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) وفاقی سطح پر سرمایہ کاری سے متعلق امور کو تیز رفتاری سے نمٹانے میں بھی معاونت فراہم کر رہی ہے۔















