
وزیراعظم کا مصنوعی ایندھن بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
وہ اسلام آباد میں بدلتی ہوئی معاشی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، اس لیے تمام ممکنہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اس وقت مستحکم ہے، تاہم صورتحال کے تقاضوں کے مطابق بروقت اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے جامع ہنگامی منصوبہ تیار کیا جائے۔
شہباز شریف نے گزشتہ قومی کفایت شعاری مہم کے دوران عوام کی بھرپور معاونت کو سراہا، بالخصوص پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کے تحفظ میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ملک میں ایندھن کی فراہمی کو بہتر انداز میں برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عام شہریوں، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کے مفادات کا تحفظ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی نے بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے اثرات کو عوام پر کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں طویل عرصے تک جاری رہنے والی کشیدگی مستقبل میں پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جس طرح قوم نے گزشتہ کفایت شعاری مہم میں بھرپور تعاون کیا، اسی جذبے کے تحت اب قومی سطح پر وسائل کے محتاط استعمال اور کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل میں بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے ہیں۔















