
بینک دولت پاکستان نے اپنی نوتشکیل شدہ آفیشل ویب سائٹ کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔ یہ ویب سائٹ بدھ یکم جولائی 2026ء سے لائیو ہوگی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے www.sbp.org.pk پر دستیاب ہوگی۔ نوتشکیل شدہ ویب سائٹ سے شہریوں، کاروباری اداروں، مالی اداروں، محققین، صحافیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو تیز رفتار، آسان اور صارف دوست ڈجیٹل سہولت میسر آئے گی۔ نئی ویب سائٹ کو جدید، محفوظ اور شمولیتی ڈجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو صارف کو اسٹیٹ بینک کے بارے میں معلومات تک مزید آسان رسائی فراہم کرے گی۔ اسٹیٹ بینک کے ڈجیٹل انقلاب کے جس ایجنڈا پر عمل پیرا ہے، ویب سائٹ کا آغاز اس ایجنڈا میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور یہ اس عزم کی عکاس ہے کہ شفافیت، جدت طرازی اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامقصد رابطے میں تسلسل برقرار رہے گا۔
وسیع تحقیق اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد تیار کی جانے والی اس ویب سائٹ کو جامع انداز میں دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ استعمال کرنے والوں کی متنوع ضروریات بہتر انداز میں پوری کی جا سکیں۔ ویب سائٹ کا انٹرفیس سادہ ہے جس سے براؤزنگ کرنا آسان ہے، جو صارفین کو معلومات تک زیادہ تیزی سے اور مؤثر رسائی کے قابل بناتا ہے۔ توسیع شدہ سرچ کا طریقہ کار اور فلٹرنگ آپشنز کے ذریعے ڈیٹا، سرکلرز، ضوابط، مطبوعات، پریس ریلیز اور دیگر سرکاری مواد کی تلاش کو آسان بنایا گیا ہے۔ یہ ویب سائٹ ڈیسک ٹاپ، اسمارٹ فون اور دیگر تکنیکی آلات سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوگی، اور بلاتعطل براؤزنگ کو یقینی بنائے گی۔
وسیع تر شمولیت اور عوام کی رسائی کو فروغ دینے کے لیے ویب سائٹ کا انٹرفیس انگریزی اور اردودونوں زبانوں میں دستیاب ہوگا، صارفین اپنی ترجیح کے مطابق ویب سائٹ کی زبان کو کسی بھی مرحلے پر بدل سکیں گے۔ اسے ویب مواد تک رسائی کے رہنما اصولوں (Web Content Accessibility Guidelines) کے مطابق کیا گیا ہے، اور خصوصی افراد بھی زیادہ بہتر طریقے سے اس تک رسائی حاصل کر کے اسے استعمال کرسکیں گے۔ صارف کے بہتر تجربے کی بنیاد میں ایک نوتنطیم شدہ معلوماتی ڈھانچہ موجود ہے، جس میں زری پالیسی، مالی مارکیٹ ڈیٹا، بینکاری ضوابط اور اسٹیٹ بینک کے دیگر وظائف جیسے شعبے شامل ہیں، جنہیں زیادہ منطقی اور سہل انداز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ پرانے مواد تک بھی رسائی دی گئی ہے۔
یہ ویب سائٹ اسٹیٹ بینک کی عوام الناس کے ساتھ مؤثر رابطے کی استعداد کو مزید مضبوط کرے گی۔ یہ مؤثر، شفاف اور شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادے کے بینک کے وسیع تر وژن کی معاونت کرے گی۔ مستند معلومات اور ڈجیٹل وسائل تک رسائی کو زیادہ آسان بنا کر یہ ویب سائٹ مالی خواندگی اور مالی شمولیت کو فروغ دے گی، نیز تمام اسٹیک ہولڈرز کو باخبر فیصلے کرنے میں، اور مالی نظام کے ساتھ مضبوط تعلق بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
نئی ویب سائٹ میں ادارے سے متعلق معلومات، مطبوعات اور دیگر وسائل کو ایک بہتر اور صارف دوست انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ تاہم، جو اسٹیک ہولڈرز ویب سائٹ کے سابقہ انٹرفیس کو دیکھنا چاہیں، ان کی سہولت کے لیے ویب سائٹ کا پرانا ورژن نئے ہوم پیج پر ایک خصوصی لنک کے ذریعے 15 جولائی 2026ء تک دستیاب رہے گا۔
اسٹیٹ بینک کی پرانی ویب سائٹ کی جھلکیاں


30 جون 2026















