
وزیراعظم کی ٹرینوں میں محفوظ اور قابلِ اعتماد سفر کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ٹرینوں میں محفوظ اور قابلِ اعتماد سفر یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے یہ ہدایات اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کے دوران دیں، جنہوں نے آج ان سے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلوے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا، اصلاحات متعارف کرانا اور شفافیت یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے پاکستان ریلوے میں انقلابی اصلاحات متعارف کرانے اور ادارے کو بحال و فعال بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ملاقات کے دوران وزارتِ ریلوے کے انتظامی اور مالی معاملات سمیت اصلاحات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے وزیراعظم کو پاکستان ریلوے کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
ملاقات میں مال برداری کی خدمات بہتر بنانے اور مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔















