بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

افغانستان میں امن افغان شہریوں کی باعزت واپسی کے لیے ضروری ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام افغان شہریوں کی باعزت اور محفوظ واپسی کے لیے ناگزیر ہے۔

اقوام متحدہ کے زیر اہتمام World Refugee Day کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے تحفظ اور ان کی محفوظ بحالی کو یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر اجتماعی عزم کی ضرورت ہے تاکہ بے گھر اور بے وطن افراد کا مستقبل مستقل جلاوطنی کے بجائے امید، امن اور باعزت واپسی سے جڑا ہو۔

انہوں نے کہا کہ 1979 کے واقعات کے بعد لاکھوں افغان شہری پاکستان آئے، اور پاکستان نے اپنی محدود معاشی وسائل کے باوجود نہ صرف اپنی سرحدیں بلکہ اپنے دل بھی ان کے لیے کھول دیے۔

ان کے مطابق پاکستان نے مہاجرین کے لیے بستیوں اور کیمپوں کا قیام عمل میں لایا اور چار دہائیوں سے زائد عرصے تک دنیا کے بڑے مہاجر میزبان ممالک میں شامل رہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان خاندانوں کی کئی نسلیں پاکستان میں باعزت زندگی گزارتی رہیں اور تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات سے فائدہ اٹھاتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان شہریوں کی نقل و حرکت اور فلاح و بہبود کو مؤثر انداز میں منظم کیا۔

وزیراعظم کے مطابق ستمبر 2023 سے افغان مہاجرین کی مرحلہ وار، منظم اور باعزت واپسی کا عمل جاری ہے اور جون 2026 تک 24 لاکھ سے زائد افغان شہری اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران پاکستان کو معاشی، سماجی، ماحولیاتی اور سیکیورٹی چیلنجز کا بھی سامنا رہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط افغانستان ہی افغان شہریوں کی باعزت اور پائیدار واپسی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس مشترکہ مقصد کے لیے بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (International Organization for Migration) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) سمیت عالمی برادری کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button