
محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
لاہور میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں پر شرکاء کے لیے ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلوں کا مناسب انتظام کیا جائے، جبکہ عزاداروں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے فیلڈ اسپتال بھی جلوسوں کے روٹس پر موجود رہیں۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے تاکہ امن، نظم و ضبط اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔














