
انتونیو گوتریس اقوامِ متحدہ کے وسیع تر ایجنڈے کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون اور خدمات کے معترف
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام اور ان کی حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے دو ریاستی حل اور غزہ امن منصوبے کے نفاذ کیلئے سیکرٹری جنرل کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
فریقین نے مشرقِ وسطی اور مغربی ایشیا کی صورتحال سمیت حالیہ علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے تنازع میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کیلئے سیکرٹری جنرل کے اصولی موقف اور حمایت کو بھی سراہا۔
جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز اور نفرت آمیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا، جو علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے استحکام کیلئے نہایت اہم ہے، تاہم انہوں نے پاکستان کے خلاف دہشت گرد گروہوں کی جانب سے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال پر گہری تشویش ظاہر کی۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے بھرپور تعاون اور سفارت کاری سمیت اقوام متحدہ کے امن مشنز کے ذریعے بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے اس کی مسلسل خدمات کی تعریف کی۔















